لاہور: بلاول بھٹو کی پیپلزپارٹی پنجاب کے رہنماؤں سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔
ذرائع کے مطابق چئیرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات میں پیپلزپارٹی پنجاب کے عہدیداران مریم نواز حکومت کے خلاف پھٹ پڑے اور شکایات کے انبار لگا دئیے۔ ارکان نے شکوہ کیا کہ پنجاب حکومت نہ ارکان اسمبلی کو اہمیت دیتی ہے اور نہ ہی بیوروکریسی سے تعاون کر رہی ہے۔ لگتا ہے پنجاب کی انتظامیہ کو پی پی کے بارے میں خصوصی ہدایات ملی ہیں۔پیپلز پارٹی ارکان پنجاب اسمبلی کے ترقیاتی کام نہیں کیے جا رہے ہیں۔
پی پی ارکان صوبائی اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب حکومت تحریری معاہدے پر پیش رفت نہیں کر رہی۔ بلاول بھٹو پی پی پنجاب کے تحفظات وزیراعظم کے سامنے رکھیں۔ بلاول بھٹو پی پی پنجاب کے اراکین کے تحتظات نوٹ کرتے رہے۔ بلاول بھٹو نے پنجاب حکومت کے رویے پر حیرانگی اور پریشانی کا اظہار کیا اور پی پی پنجاب کو تحفظات وزیراعظم تک پہنچانے کی یقین دہانی کروائی۔
دوسری جانب بلاول بھٹو کی وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات آج شام ہوگی۔ وزیراعظم شہباز شریف بلاول بھٹو کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے۔ بلاول بھٹو ملاقات میں تحریری معاہدے پرعملدرآمد میں تاخیر کا معاملہ وزیراعظم کے سامنے اٹھائیں گے۔ بلاول بھٹوپنجاب کے پارٹی رہنماؤں کے تحفظات سے وزیراعظم کو آگاہ کریں گے.