اسلام آباد: پی ٹی آئی کے لاپتا کارکن سے متعلق کیس میں عدالت نے آئی جی اسلام آباد پولیس کو طلب کرلیا۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے پی ٹی آئی کے لاپتا کارکن فیضان کی بازیابی کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ تفتیشی افسر نے 2 ہفتوں میں کیا کیا؟ جہاں سے لاپتا ہوا، کیا تفتیشی افسر وہاں گیا ؟ کیا اس کے والد سے ملاقات کی؟
عدالت نے پوچھا کہ کیا آپ اس رپورٹ سے مطمئن ہیں ؟ ، جس پر اسٹیٹ کونسل نے جواب دیا کہ ہم آئندہ سماعت پر تفصیلی رپورٹ پیش کریں گے۔
اسلام آباد پولیس نے عدالت کو بتایا کہ جہاں جہاں فیضان جاتا تھا وہاں بھی ہم نے تحقیقات کیں۔
بعد ازاں پی ٹی آئی کارکن فیضان کی عدم بازیابی پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے آئندہ سماعت پر آئی جی کو طلب کرلیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ منگل کے روز آئی جی اسلام آباد پیش ہوں۔