خواتین پر ظلم کرنیوالے مردوں کے ہاتھ پاؤں توڑ دیے جائیں، بشریٰ انصاری

ممبئی: پاکستانی شوبز انڈسٹری کی سینیئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی اور ظلم کرنے والے مردوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

بشریٰ انصاری نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں صوبہ پنجاب کے شہر ملتان میں شوہر کے ہاتھوں قتل ہونے والی ثانیہ زہرہ اور بھارتی شہر کولکتہ میں بہیمانہ زیادتی کے بعد قتل کی گئی خاتون ڈاکٹر سمیت دیگر واقعات پر بات کی۔

اداکارہ نے کہا کہ پاکستان اور بھارت میں خواتین، لڑکیاں اور چھوٹی بچیاں سب ہی غیرمحفوظ ہیں، جنسی زیادتی اور خواتین پر ظلم و ستم کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ مردوں کو لگتا ہے کہ اگر وہ خواتین پر تشدد اور ظلم کریں گے تو اس سے اُن کی مردانگی نظر آئے گی جبکہ حقیقت تو یہ ہے کہ کمزور پر ظلم کرنے والا انسان بزدل ہوتا ہے۔
بشریٰ انصاری نے کہا کہ پاکستان اور بھارت میں مجرموں کو سزائیں نہیں دی جاتیں، اسی وجہ سے ان جرائم میں اضافہ ہورہا ہے۔

سینیئر اداکارہ نے شدید برہم ہوتے ہوئے مطالبہ کیا کہ جنسی زیادتی کرنے والے مردوں کی مردانگی کو ختم کیا جائے اور خواتین پر ظلم کرنے والے مردوں کے ہاتھ پاؤں توڑ کر اُنہیں زمین پر رینگنے کے لیے چھوڑ دیا جائے۔

اُنہوں نے کہا کہ جو مرد، خواتین کے چہروں پر تیزاب پھینکتے ہیں، اُن مردوں کے چہروں کو بھی تیزاب سے جلایا جائے تاکہ جرائم میں کمی آئے۔

آخری میں بشریٰ انصاری نے پاک بھارت سیاستدانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے مزید کہا کہ کوئی تو لیڈر ہیرو بن کر سامنے آئے اور ان جرائم میں ملوث مردوں کو سرعام سزا دلوائے.

اپنا تبصرہ بھیجیں