پنجاب میں رحیم یار خان کے کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے حملے میں شہید اہل کاروں کی ایک وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جس میں وہ گفتگو کےد وران اپنی شہادت کا ذکر کررہے ہیں۔
سماجی رابطوں کے پلیٹ فارمز پر وائرل وِڈیو کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے راکٹ حملے میں شہید ہونے سے کچھ دیر پہلے کی ہے، جس میں اہل کار شہید ہونے کے حوالے سے آپس میں بات کررہے ہیں۔ وِڈیو میں سنا جا سکتا ہے کہ ایک پولیس اہل کار اپنے ساتھی ابرار کو ازراہ تفنن مخاطب کرتے ہوئے کہتا ہے کہ یہ لو رائفل پکڑو، لگتا ہے آج آخری وقت آ گیا ہے (یعنی لگتا ہے آج تو شہید ہو جائیں گے)
کچے میں اپنے فرائض کی انجام دہی کے لیے جانے والے پولیس اہل کار گفتگو میں مزید کہتے ہوئے سنے جا سکتے ہیں کہ ہم جہاں پر رات (کی تاریکی) میں (ڈیوٹی کے لیے) جار ہے ہیں، یہاں تو کوئی دن (کی روشنی) میں بھی نہیں آتا۔
واضح رہے کہ وِڈیو میں دکھائی دینے والا پولیس کانسٹیبل ابرار گزشتہ شب ڈاکوؤں کے راکٹ حملے میں شدید زخمی ہوگیا تھا جب کہ ماچھکہ میں پولیس کی 2 گاڑیوں پر ہونے والے اس حملے میں 12 اہل کار شہید ہو گئے تھے.