لاہور: وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات کے بعد دونوں جماعتیں پاور شیئرنگ کے لیے اتوار کو مل بیٹھیں گی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان پاور شیئرنگ کے معاملے پر وزیر اعظم شہباز شریف اور بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات کے بعد اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس کے نتیجے میں دونوں جماعتوں کی قائم مشترکہ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس 25 اگست تک ملتوی کردیا گیا ہے۔
مذاکراتی کمیٹیوں کا اجلاس 25 اگست (اتوار) کو گورنر ہاؤس میں طلب کیا گیا ہے، جس میں مسلم لیگ ن کی جانب سے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار ، مریم اورنگزیب، ملک احمد خان شریک ہوں گے جب کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے راجا پرویز اشرف ، ندیم افضل چن ، حسن مرتضیٰ اور علی حیدر گیلانی شریک ہوں گے۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ گورنر ہاؤس میں طلب کی جانے والی میٹنگ میں پاور شیئرنگ کے وعدوں پر عمل درآمد کا جائزہ لیا جائے گا۔ علاوہ ازیں اجلاس میں پیپلز پارٹی کے تحفظات بھی زیر غور آئیں گے جب کہ معاہدے کے دیگر نکات پر بھی عمل درآمد کے لیے ٹائم فریم طے کیا جائے گا۔