راولپنڈی: بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشتگرد حملوں کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے جوانوں کو سپرد خاک کردیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 29سالہ کیپٹن محمد علی قریشی شہید (ضلع لاہور)، 27 سالہ نائیک عطاء اللہ شہید ( مردان)، 26 سالہ سپاہی محمد سلیم شہید( میانوالی) اور 26 سالہ سپاہی محمد یاسر بشیر شہید( ملتان) کو مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی علاقوں میں سپردِ خاک کیا گیا۔
کیپٹن محمد علی قریشی کی نماز جنازہ میں کور کمانڈر لاہور نے شرکت کی جبکہ دیگر شہداء کی نمازِ جنازہ اور تدفین میں پاک فوج کے سینئر افسران، جوانوں، شہداء کے لواحقین اور عمائدین علاقہ کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سیکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارےشہداء کی یہ عظیم قربانیاں کسی صورت رائیگاں نہیں جائیں گی.