اسلام آباد: صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے کہا ہے کہ آج ملک بھر میں مکمل شٹر ڈاؤن ہے اور ہڑتال کسی سیاسی جماعت کی نہیں بلکہ تاجروں کی ہے، تاجر برادری کی ہڑتال حکومت پر عدم اعتماد ہے۔
صدر انجمن تاجران نے کہا کہ تاجر دشمن اسکیم کو ہر صورت واپس لینا ہوگا، ان حکمرانوں نے معیشت کا بھٹہ بٹھانے میں اہم کردار ادا کیا، حکمران عوام کو کھائی میں پھینک کر خود کنارے بیٹھ کر عیاشیاں کر رہے ہیں، عوام کا بھرکس نکالنے والی حکومت کو گھر جانا چاہیے۔
اجمل بلوچ نے کہا کہ پچھلے چھ ماہ سے کہہ رہے تھے ویلویشن ٹیبل ناقابل عمل ہے، آئی ایم ایف کا بہانا بنا کر قوم کو بےوقوف بنایا جا رہا ہے، آئی ایم ایف کی سربراہ نے واضح کیا ہے کہ ہم بڑوں پر ٹیکس لگانے کا کہتے ہیں لیکن پاکستانی حکمران غریب پر ٹیکس لگا دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بجلی کے بلوں پر ٹیکس اور کرایہ فوری ختم کرے، اشیائے خور و نوش پر ودہولڈنگ ٹیکس کا قانون واپس لیا جائے، حکمران بڑی گاڑیوں سے نیچے اتریں اور چھوٹی گاڑیاں استعمال کریں۔
تاجر رہنما کاشف چوہدری نے کہا کہ ملک بھر میں ایک کروڑ سے زائد کاروباری مراکز اور دکانوں کا شٹر ڈاؤن ہے، حکومت کی عوام کے پیسوں پر عیاشیوں کا وقت ختم ہوگیا، حکومت کو ہر صورت تاجروں کے مطالبات ماننے ہوں گے، آج شام تک تاجر دوست اسکیم کو ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کرنا ہوگا، نوٹیفکیشن جاری نہ ہونے کی صورت میں غیر معینہ مدت تک پہیہ جام ہوگا۔
کاشف چوہدری نے کہا کہ حکومت کی سب تدبیریں الٹ گئیں، بجلی گیس کے بلوں میں عائد ٹیکسز واپس لینے ہوں گے، آئی پی پیز معاہدوں پر نظرثانی کرنا ہوگی، سیاسی جماعتوں اور عوام نے شٹر ڈاون کی بھر پور حمایت کی، ملکی معیشت بچانے کے لیے میدان میں نکلے ہیں