اسلام آباد: بین الاقوامی دفاعی نمائش اور سیمینار آئیڈیاز 2024 کی سافٹ لانچ تقریب میریٹ ہوٹل اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں غیر ملکی سفارتکاروں نے اپنے تاثرات دیے۔
تقریب میں اٹلی سفیر مارلینا آرمیلن نے اپنے تاثرات دیتے ہوئے کہا کہ ہم اس حقیقی نمائش کے منتظر ہیں جو نومبر میں ہونے والی ہے، دفاعی شعبے میں اٹلی کی کمپنیاں نمائش میں شرکت کریں گی۔
ہائی کمشنر ملائیشیا نے کہا کہ میں اپنی حکومت کی جانب سے حکومت پاکستان کو مبارکباد پیش کرنا چاہتا ہوں، دفاعی نمائش آئیڈیاز کا ایک بہت اہم اور قابل ذکر سفر رہا ہے۔
عراق کے برگیڈیئر جنرل مسعود نے کہا کہ آئیڈیاز 2024 خطے کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے، ہم اپنے مسلمان اور برادر ملک پاکستان کے ساتھ دفاعی کارپوریشن کے لیے تیار ہیں۔
سری لنکا کے برگیڈیئر کمنڈا سلوا نے کہا کہ ہمارے پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات ہیں، پاکستان نے ضرورت کی گھڑی میں سری لنکا کی غیر مشروط حمایت کی ہے۔ یہ نمائش بین الاقوامی شراکت داروں کے لیے اپنی دفاعی پیداوار کو فروغ دینے کے لیے ایک فورم ہوگی۔
تھائی لینڈ کے کرنل تھنائے نے کہا کہ میں انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں اور دفاعی پیداوار میں تجربہ رکھنے پر پاکستان کی تعریف کرتا ہوں، یہ نمائش تقریب میں شریک تمام ممالک کے لیے امن کا باعث بنے گی.