کراچی ائیرپورٹ سے بیرون ملک جانے والے مسافر کے موبائل سے 47 سے زائد ویزے برآمد ہوئے۔
ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے بیرون ملک جانے والے مسافر کو گرفتار کرلیا۔ مسافر کے موبائل سے 47 سے زائد ویزے برآمد ہوئے تھے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم کی شناخت علیان زمان کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم علیان وزٹ ویزے پر ملائیشیا جا رہا تھا۔ ملزم نے ایجنٹ کی ملی بھگت سے ملائیشیا سے برطانیہ جانے کی کوشش کرنا تھی۔ ملزم علیان کا تعلق اٹک سے ہے۔ ملزم اٹک کے ہی رہائشی ایجنٹ کواب تک 4 لاکھ روپے دے چکا ہے اور اسے مجموعی طور پر 28 لاکھ روپے ادا کرنا تھے۔ رقم کیش اور مائیکرو فنانس اکاؤنٹس کے ذریعے بھیجی گئی۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم سے کمپوڈیا کا ویزہ بھی برآمد ہوا ہے۔ ملزم کے موبائل سے 47 سے زائد قبرص کے ویزے برآمد ہوئے۔ مذکورہ ویزے پاکستانی اور بنگلا دیشی شہریوں کے نام پر تھے۔ملزم علیان ویزوں کے حوالے سے امیگریشن حکام کو مطمئن نہ کرسکا۔ ملزم کو مزید کارروائی کے لیے ایچ ٹی سی کراچی منتقل کردیا گیا ہے.