راولپنڈی: بنگلا دیش سے ہوم ٹیسٹ میں تاریخی وائٹ واش ہونے پر پاکستان ٹیم کے کپتان شان مسعود نے قوم سے معافی مانگ لی۔
راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹیسٹ کپتان شان مسعود نے کہا کہ بنگلا دیش سے شکست پر ہم قوم سے معافی مانگتے ہیں لیکن بحیثیت قوم ہمیں ٹیسٹ کرکٹ کی طرف سوچنا ہوگا کہ کیسے بہتر کیا جائے۔
شان مسعود نے بتایا کہ سارا اسکواڈ میری مرضی اور مشاورت سے سلیکٹ ہوا تھا، ٹیسٹ کرکٹ میں ذہنی پختگی اور تجربے کی ضرورت ہوتی ہے، 10 ماہ بعد سب بولرز نے ریڈ بال کرکٹ کھیلی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مخالف ٹیم کی اپنی خاصیت ہے جو دونوں ٹیسٹ میچز میں نظر آئی۔ دوسرے میچ میں 26 رنز پر 6 آؤٹ سے بنگلا دیش کھیل میں واپس آیا اور پہلے ٹیسٹ میں 260 کی برتری میں پانچ آؤٹ تھے، دونوں میچز میں برتری حاصل کر کے جیت نہیں سکے۔
شان مسعود نے کہا کہ دونوں میچوں میں پچ مختلف تھی، بیٹگ اور بولنگ میں آغاز اچھا تھا لیکن اس کو جاری نہیں رکھ سکے، ہمیں اپنی کرکٹ کو مزید بہتر کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کا دن ایسا تھا جس میں خرم شہزاد دستیاب نہیں تھے، آج بہت کوشش کی لیکن جو مواقع ملے اس سے فائدہ نہیں اٹھا سکے۔
قومی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ ابھی بہت کرکٹ ہے جسے بہتر کرنے کی کوشش کریں گے، دوسرے میچ میں شاہین شاہ آفریدی اور لفٹ ہینڈ باؤلر کی کمی محسوس کی۔