نئی دہلی: ایک ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والا بھارتی کوسٹ گارڈ کا ایڈوانسڈ لائٹ ہیلی کاپٹر بحیرہ عرب کے سمندر میں ہنگامی لینڈنگ کی کوشش میں گر کر تباہ ہوگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کوسٹ گارڈ کا ہیلی کاپٹر پوربندر سے تقریباً 45 کلومیٹر دور سمندر میں ایک کشتی کے عملے کے بیمار رکن کو میڈیکل ایمرجنسی کی وجہ سے ریسکیو کرنے پہنچا تھا۔
ریسکیو آپریشن کے دوران بھارتی کوسٹ گارڈ کے ہیلی کاپٹر کو بحیرہ عرب میں ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی تاہم وہ گر کر سمندر میں غرقاب ہوگیا۔ ہیلی کاپٹر میں 4 اہلکار سوار تھے جن میں سے 3 سمندر میں ڈوب گئے جب کہ صرف ایک کو بچایا جا سکا۔
یہ خبر بھی پڑھیں : بھارتی فضائیہ کا مگ 29 طیارہ گر کر تباہ
حادثے میں لاپتا ہونے والے 3 اہلکاروں کی تلاش مں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ ریسکیو آپریشن میں 4 بحری جہاز اور 2 طیارے حصہ لے رہے ہیں۔ ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا۔
ہیلی کاپٹر حادثے کی وجہ کا تعین نہیں ہوسکا۔ تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ موسم کی خرابی ہونا ایک وجہ ہوسکتی ہے۔
یاد رہے کہ بھارتی کوسٹ گارڈ کے اس ہیلی کاپٹر نے ریاست گجرات میں حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلاب میں 67 جانیں بچائی تھیں۔
گزشتہ رات بھارتی فضائیہ کا ایک مگ-21 لڑاکا طیارہ راجستھان کے ایئر بیس کے قریب گر کر تباہ ہو گیا۔ پائلٹ نے طیارے سے چھلانگ لگا کر اپنی جان بچائی تھی۔
بھارتی فضائیہ میں گزشتہ 30 برسوں میں 535 جہاز فضائی حادثوں کا شکار ہوئے جب کہ 5 برسوں کے دوران 46 فضائی حادثات میں ہلاک ہونے والے بھارتی پائلٹس کی تعداد 42 ہے