اسلام آباد: وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے وارنٹ گرفتاری کے فیصلے کے خلاف سیشن عدالت سے رجوع کر لیا۔
علی امین گنڈاپور کے وکیل راجہ ظہور الحسن ایڈووکیٹ نے اسلحہ اور شراب برآمدگی کیس میں وارنٹ گرفتاری منسوخ کروانے کے لیے نظر ثانی درخواست دائر کی ہے۔
علی امین گنڈا پور طبعیت ناسازی کی وجہ سے آج بھی عدالت پیش نہیں ہو سکے تھے۔
درخواست میں موقف اپنایا کہ علی امین گنڈاپور کی مقدمے میں بریت کی درخواست زیر التواء ہے، گزشتہ روز جوڈیشل مجسٹریٹ نے خلاف قانون وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے حکم نامے کے خلاف نظر ثانی منظور کی جائے اور ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کو کالعدم قرار دیا جائے، جوڈیشل مجسٹریٹ کو علی امین گنڈاپور کی بریت کی درخواست پر فیصلہ کرنے کا حکم دیا جائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی نے علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔ علی امین گنڈاپور نے گزشتہ روز کے جوڈیشل مجسٹریٹ کے آرڈر کے خلاف سیشن عدالت سے رجوع کیا.