190 ملین پاؤنڈز کیس؛ بشریٰ بی بی کی درخواستِ بریت پر فیصلہ نہ سنایا جا سکا

راولپنڈی: بشریٰ بی بی کی 190 ملین پاؤنڈز کیس میں بریت کی درخواست پر فیصلہ نہیں سنایا جا سکا اور عدالت نے سماعت ملتوی کردی۔

ذرا ئع کے مطابق دوران سماعت وکلائے صفائی کی جانب سے نیب تفتیشی افسر میاں عمر ندیم پر جرح جاری ہے اور احتساب عدالت نے ریفرنس کی مزید سماعت 7 ستمبر تک ملتوی کردی۔ بشریٰ بی بی کی درخواست بریت کا فیصلہ ریفرنس کے فیصلے کے ساتھ ہی سنایا جائے گا۔

احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانا نے 190 ملین پاؤنڈز کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں کی، جس میں ریفرنس کے اہم ترین گواہ تفتیشی افسر میاں عمر ندیم پر جرح کی گئی۔ عدالت کی جانب سے بشریٰ بی بی کی بریت کی درخواست پر محفوظ فیصلہ آج سنائے جانے کی توقع تھی، تاہم عدالت نے سماعت ملتوی کرتے ہوئے کہا کہ بشریٰ بی بی کی درخواستِ بریت پر فیصلہ ریفرنس کے فیصلے کے ساتھ ہی سنایا جائے گا۔

آئندہ سماعت پر (7 ستمبر کو) وکلائے صفائی میاں عمر ندیم پر مزید جرح کریں گے۔

دورانِ سماعت بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا جب کہ نیب کے پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی اور امجد پرویز ٹیم کے ہمراہ پیش ہوئے۔ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے وکلا ظہیر عباس چوہدری اور عثمان گل بھی عدالت پیش ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں