شان، بابراعظم کی کپتانی کا مستقبل؛ بورڈ نے بڑا فیصلہ کرلیا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ٹیسٹ فارمیٹ میں کپتانی کے فرائض نبھانے والے شان مسعود اور وائٹ بال فارمیٹ کے کپتان بابراعظم کو قیادت سے ہٹانے کی افواہوں پر خاموشی توڑ دی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کو عہدے سے ہٹانے کی قیاس آرائیاں محض افواہیں ہیں، ہیڈکوچ جیسن گلیسپی اور وائٹ بال فارمیٹ کے ہیڈکوچ گیری کرسٹن دونوں کپتانوں کو موقع دینا چاہتے ہیں۔

رپورٹس میں کہا گیا ہےکہ دونوں فارمیٹس کے ہیڈکوچز کیساتھ کپتانوں کو تبدیل کرنے پر کوئی بات چیت نہیں ہوئی ہے کیونکہ پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے کپتانی کا فیصلہ کوچز اور سلیکٹرز پر چھوڑ دیا ہے۔
جیسن گلیسپی اور گیری کرسٹن کا کہنا ہے کہ شان مسعود اور بابراعظم کو کپتان برقرار رکھا جائے اور جلد بازی کے فیصلوں سے گریز کیا جائے۔

رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس ماہ کے آخر میں لاہور میں ہونے والی آئندہ “کرکٹ کنکشن” ورکشاپ میں کپتانوں کی تبدیلی کے موضوع پر بات کرنے کی توقع نہیں ہے۔ اس ورکشاپ کا مقصد ڈومیسٹک کرکٹ کے معیارات کو بین الاقوامی توقعات کے ساتھ ہم آہنگ کرنا ہے اور اس میں ڈومیسٹک ٹیم کے کوچز، سلیکٹرز، اور کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کے ان پٹ شامل ہوں گے۔
خیال رہے کہ بنگلادیش کیخلاف تاریخی ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کو شکست اور ٹی20 ورلڈکپ 2024 میں بابراعظم کی قیادت میں ناقص پرفارمنس کے بعد کپتانوں کی تبدیلی کی باز گشت سنائی دے رہی ہے۔
واضح رہے کہ چیمپئینز ون ڈے کپ میں دونوں کرکٹرز کو ٹیموں کی کپتانی نہ دینے پر فینز اور سابق کرکٹرز نے اشارہ سمجھا تھا کہ انہیں بورڈ کی جانب سے کپتانی سے ہٹائے جانے کا عندیہ دیا گیا ہے.

اپنا تبصرہ بھیجیں