اسلام آباد: وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پرسوں پاکستان کی سیاست میں سیاہ دن تھا۔ کل کا واقعہ ری ایکشن تھا۔
وزیردفاع اور ن لیگ کے رہنما خواجہ آصف نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرنے ہوئے کہا کہ جب آپ کہیں گے کہ خان نہیں تو پاکستان نہیں تو اس کا کیا ری ایکشن آئے گا۔ اس قسم کی باتیں کل کے ری ایکشن کا جواز فراہم کرتی ہیں۔ کل کا عمل پرسوں کا ری ایکشن تھا۔
خواجہ آصف کا مزید کہنا تھا کہ پرسوں پاکستان کے وجود اور فیڈریشن کو چیلنج کیا گیا۔ اس کے بعد آپ کیا توقع رکھتے ہیں۔ یہ جب بھی بات کرتے ہیں تو کہتے ہیں فوج سے بات کرنی ہے۔ یہ سیاسی ڈی این اے کا مسئلہ ہے۔ جب فوج نے آپ کو لانچ کیا ہو تو اپ بار بار ان کے پاس جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اتوار کا جلسہ ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا جو فوج کو للکار رہا ہے۔ علی امین گنڈاپور نے 15دن کا کہا تھا 2روز گزر گئے۔ ہمت تو آکر دکھائے ہم انتظار کررہے ہیں۔ ان لوگوں میں اتنی منافقت ہے۔
خواجہ آصف نےپاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی محمد خان کو ظمیر فروش اور رنگ باز قراردیتے ہوئے کہا کہ داڑھی رکھی ہوئی ہے درود شریف پڑھتا ہے اور منافقت کرتا ہے۔ اول و آخر درود شریف اور بیچ میں منافقت۔ علی محمد خان نے خواجہ آصف کے بیان پر شدید احتجاج کیا.