ڈی آئی خان: لکی مروت میں پولیس انسپکٹر کے حجرے پر دھماکا ہوا جب کہ بنوں میں فائرنگ سے پولیس اہل کار جاں بحق ہوگیا۔
زرائع کے مطابق لکی مروت میں بارودی مواد کا دھماکا ہوا۔ نامعلوم افراد کی جانب سے دھماکا لکی کے علاقے دبکر مندرہ خیل میں انسپکٹر غلام محمد خان کے حجرے پر کیا گیا، جو لکی مروت پولیس امن پاسون کا رہنما اور کمیٹی رکن بھی ہے۔
نامعلوم افراد نے پولیس انسپکٹر غلام محمد خان کے حجرے کو بارودی مواد سے اُڑا دیا۔ دھماکے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔
دوسری جانب بنوں میں ڈومیل کے علاقے میں مہاجر کیمپ میں ڈیوٹی پر مامور پولیس اہل کار پر فائرنگ کی گئی، جس میں اہل کار جاں بحق ہوگیا، جس کی شناخت نور علی کے نام سے ہوئی ہے.