لاہور: بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) عمران خان کی بہن علیمہ خان کا کہنا ہے کہ عدلیہ کو فتح کرنے کا پلان بنایا جا رہا ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں علیمہ خان نے کہا کہ آئینی ترمیم ایک مقصد کے لیے لائی جا رہی ہے۔ عدلیہ کو فتح کرنے کا پلان بنایا جا رہا ہے اور یہ سب فارم 47 والی حکومت کو بچانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ اس سے قاضی فائز عیسی کو ڈبل ایکسٹینشن مل جائے گی۔ لوگوں کو اغوا کرکے نمبر گیم پورا کیا جا رہا ہے۔ عدلیہ واحد ادارہ ہے جو آزاد ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے رہے ہیں کہ ظلم کا نظام نہیں چلے گا۔ یہ انصاف کے نظام پر ڈاکا ڈال رہے ہیں۔ ہمیں انصاف کے نظام کو بچانے کے لیے کھڑا ہونا پڑے گا۔ بانی پی ٹی آئی تو کہہ رہے ہیں کہ میرا مینڈیٹ واپس کریں۔ فوج سے نہیں جنرل عاصم منیر سے بات کرنی ہے۔ عمران خان نے کہا ہے کہ بات چیت کے دروازے بند نہیں ہونا چاہیں۔ علی امین گنڈا پور مشکل حالات میں کام کررہے ہیں۔