ممبئی: بالی ووڈ اداکار زید خان نے 10 سال بعد اپنی بہن سوزین خان اور سابق بہنوئی ہریتھک روشن کے درمیان طلاق کی وجہ بتا دی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق زید خان نے اپنے حالیہ انٹرویو میں اپنی بہن سوزین خان اور ہریتھک روشن کی طلاق کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں کے رشتے سے محبت اور احترام ختم ہوگیا تھا، ان دو چیزوں کا ختم ہونا طلاق کی وجہ بنی۔
زید خان نے کہا کہ ہمارا تعلق ایک ماڈرن خاندان سے ہے اور مجھے لگتا ہے کہ اگر دو لوگ ایک ساتھ رہنا نہیں چاہتے تو ہمیں اُنہیں سمجھنا چاہیے اور اُن کے فیصلے میں اُن کا ساتھ دینا چاہیے۔
اداکار نے کہا کہ ہر میاں بیوی کے لیے سب سے اہم محبت اور مثبت تعلق ہوتا ہے، یہ دو ایسی چیزیں ہیں جو اُن کے لیے خاندان اور اپنے بچوں سمیت تمام ذمہ داریوں سے بالاتر ہونی چاہئیں۔
اُنہوں نے کہا کہ جب تک ایک رشتے میں احترام اور محبت قائم رہتی ہے تو اُس رشتے کو چلانا چاہیے لیکن جب اُس رشتے سے احترام ختم ہوجائے اس رشتے کو ختم کرنا ہی درست فیصلہ ہوتا ہے۔
زید خان نے اپنے سابق بہنوئی ہریتھک روشن کے بارے میں کہا کہ میں ہریتھک بھائی کے بہت زیادہ قریب ہوں، ان کا دل سونے کا ہے جبکہ اُن کی نئی پارٹنر صبا آزاد بھی ایک بہت اچھی خاتون ہیں۔
اداکار نے مزید کہا کہ میری بہن سوزین کے بوائے فرینڈ ارسلان گونے بھی اچھی شخصیت کے مالک ہیں۔
واضح رہے کہ ہریتھک روشن کی سابقہ اہلیہ سوزین خان بالی ووڈ کی مشہور انٹیریئر ڈیزائنرز میں سے ایک ہیں، ہریتھک اور سوزین نے دسمبر 2000 میں بنگلور میں ایک نجی تقریب میں شادی کی تھی۔ ان کے دو بیٹے ہیں لیکن بدقسمتی سے اس جوڑی کے درمیان سال 2014 میں طلاق ہوگئی تھی۔