لاہور: پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں کرپشن کا اسکینڈل سامنے آنے پر لیڈی ہیڈ محرر اور نائب محرر سمیت 4 اہلکار معطل کر دیے گئے، لیڈی ہیڈ محرر اور نائب محرر پیسے لے کر لیڈی کانسٹیبلز کی حاضریاں لگا رہی تھیں۔
ذرائع کے مطابق ہیڈ محرر اقصی عزیز اور نائب محرر کرن جمال ماہانہ لے رہی ہیں جبکہ دونوں کے علاوہ مزید 2 آفیسرز بھی اپنا حصہ وصول کرتے ہیں۔ دونوں عہدیدار 24 لیڈی کانسٹیبلز کی حاضریاں ماہانہ رقم لے کر لگا رہی تھیں۔
ہیڈ محرر اقصیٰ عزیز اور نائب محرر کرن جمال کے پیسے لینے کی ویڈیو سامنے آگئی جس میں ہیڈ محرر اقصیٰ عزیز اور دیگر کو کانسٹیبل سے پیسے لیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
گزشتہ ایک سال سے ہیڈ محرر اور نائب محرر حاضری لگانے کے پیسے لے رہی ہیں۔ ایک لیڈی کانسٹیبل سے ماہانہ 25 ہزار روپے لیے جا رہے ہیں جبکہ 24 لڑکیوں سے ماہانہ 25 ہزار روپے ماہانہ لینے کا انکشاف ہوا ہے۔
خاتون ہیڈ محرر اور نائب محرر انسپکٹر کو بھی حصہ دیتی ہیں جبکہ ایس پی ہیڈ کوارٹر کا پی اے بھی ان خواتین محرر سے ماہانہ حصہ لیتا ہے۔ اس طرح، 24 اہلکاروں سے ماہانہ 6 لاکھ جمع ہوتے ہیں جو چار افراد میں تقسیم ہوتے ہیں۔
گھر بیٹھ کر ماہانہ رقم دے کر بغیر کام کے تنخواہ لینے سے کام کا بوجھ دیگر پر آ جاتا ہے جبکہ کرپٹ لیڈیز اہلکاروں کی وجہ سے ساتھی کانسٹیبلز کو اضافی ڈیوٹیاں دینا پڑتی ہیں۔
ایس پی ہیڈ کوارٹر زنیر چیمہ کا کہنا تھا کہ کرپشن کے بارے میں مجھے معلومات مل چکی ہیں، ذمہ داران کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔
بعدازاں، ایس پی ہیڈکوارٹر زنیر چیمہ نے محرر لیڈی اقصیٰ عزیز اور لیڈی محرر کرن جمال کو معطل کر دیا جبکہ لائن انسپکٹر فرحت لبنیٰ اور ریڈر عامر کو عہدے سے ہٹا دیا۔ آپریٹر کانسٹیبل عرفان کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا ہے۔
معطلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ ایس پی ہیڈکوارٹر کا کہنا تھا کہ کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، کرپشن میں ملوث تمام اہلکاروں اور ماتحت افسران کے خلاف محکمانہ انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔