اسلام آباد: سپریم کورٹ کے جسٹس منصورعلی شاہ نے ججز کمیٹی کو خط لکھ کر کمیٹی میں شمولیت سے انکار کی وجہ بیان کردی۔
جسٹس منصورعلی شاہ نے ججز کمیٹی کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ انہوں نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ ترمیمی آرڈیننس کے تحت قائم کمیٹی میں شمولیت سے انکار کیا۔
جسٹس منصور علی شاہ نے اپنے خط میں کہا ہے کہ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کی تشکیل کا فیصلہ فل کورٹ کا تھا،پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ میں رد و بدل یا تو فل کورٹ بینچ یا فل کورٹ اجلاس کے ذریعے ممکن ہے۔
انہوں نے اپنے خط میں مزید لکھا ہے کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی جانب سے پہلے والی کمیٹی کی بحالی تک اجلاس میں شرکت نہیں کر سکتا۔
جسٹس منصور علی شاہ نے لکھا ہے کہ جلد بازی میں پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس لایا گیا، میرے خط کو اجلاس کے منٹس کا حصہ بنایا جائے.