اسلام آباد: تحریک انصاف کو مخصوص نشستیں دینے سے متعلق الیکشن کمیشن کا اجلاس پانچویں روز بھی بے نتیجہ ختم ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں الیکشن کمیشن کے ممبران، حکام اور قانونی ٹیم شریک ہوئی۔
الیکشن کمیشن آج بھی سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد کا فیصلہ نہ کر سکا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے مشاورتی اجلاس کل دوبارہ طلب کر لیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کا بھی جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ قانونی ٹیم کو تفصیلی فیصلہ حاصل کر کے تفصیلی بریفنگ کی تیاری کی ہدایت کر دی گئی۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے مخصوص نشستیں تحریک انصاف کو دینے کا حکم دیا تھا۔