کراچی: آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کی جانب سے بدھ کو پاکستان کے لیے 7ارب ڈالر کے نئے قرض پروگرام کی ممکنہ منظوری سے انفلوز بڑھنے اور دیگر ملٹی و بائی لیٹرل فنانسنگ کی امید کے باعث ذرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں منگل کو ایک بار پھر ڈالر تنزلی سے دوچار رہا۔
انٹربینک مارکیٹ میں کاروبار کے تمام دورانیے کے دوران ڈالر تنزلی سے دوچار رہا جس سے ایک موقع پر ڈالر کی قدر 16پیسے کی کمی سے 277روپے 70پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی۔
اختتامی لمحات میں وقفے وقفے سے مارکیٹ فورسز کی ڈیمانڈ بڑھنے کے باعث ڈالر کے انٹربینک ریٹ 06پیسے کی کمی سے 277روپے 80پیسے کی سطح پر بند ہوئے۔
اسٹیٹ بینک کی ایکس چینج کمپنیوں کو ڈالر کے علاوہ دیگر غیرملکی کرنسیوں کی برآمدات کے عوض درآمد شدہ ڈالر کا 50فیصد حصہ فروخت کرنے کی مدت میں توسیع کے مثبت اثرات دوسرے دن بھی نظر آرہے جہاں سپلائی بڑھنے کے سبب ڈالر کی قدر 41پیسے کی کمی سے 280روپے 45پیسے کی سطح پر بند ہوئی.