کوئٹہ: مشرقی بائی پاس بھوسہ منڈی کے علاقے میں پولیس موبائل پر دھماکے کے نتیجے میں اہلکاروں سمیت 12 افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق دھماکے کے وقت خالق شہد تھانے کی پولیس موبائل گشت پر تھی، بی ڈی ٹیمیں جائے وقوعہ کی جانب روانہ ہوگئیں۔
زخمیوں میں پولیس کانسٹیبل نعمت اللہ ولد فضل محمد، ڈرائیور عبدالقدیر والد ظاہر شاہ، محمد عیسیٰ ولد محمد شاہ، عبدالحفیظ والد عبد المحمود، محمد قسیم والد جی محمد عیسیٰ، محمد حنین بچہ، قدیر احمد ولد عبد الرحیم، خلیل احمد ولد عبدالخالق، دین محمد ولد عبدالخالق اور دیگر شامل ہیں۔
ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے اس حملے میں پولیس موبائل کو نشانہ بنایا گیا، واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ پولیس موبائل پر دہشت گردانہ حملہ قابل مذمت ہے، دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ دہشت گرد بزدل ہیں جو سوفٹ ٹارگٹ کی تلاش میں رہتے ہیں، ان کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔
وزیراعلیٰ نے حملے میں زخمی پولیس اہلکار اور سول افراد کی صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔