چیمپئنز کپ؛ صائم ایوب نے اپنا ایوارڈ حسنین کو کیوں دیا؟

چیمپئنز ون ڈے کپ کے کوالیفائر میچ میں صائم ایوب نے اپنا مین آف دی میچ کا ایوارڈ فاسٹ بولر محمد حسنین کو دیدیا۔

گزشتہ روز فیصل آباد میں کھیلے گئے ایونٹ کے پہلے کوالیفائر میچ میں پینتھرز نے مارخورز کو سات وکٹوں سے شکست دے کر چیمپئنز ون ڈے کپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کیا، اس میچ میں صائم ایوب نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں اور ماخورز کی بیٹنگ لائن کو تباہ کردیا جبکہ محمد حسنین نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
کوالیفائر1 میں مارخورز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔پینتھرز کے خلاف مارخورز کی ابتدائی 4 وکٹیں صرف 25 رنز پر گر گئیں اور پھر پوری ٹیم صرف 137 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
پینتھرز نے مطلوبہ ہدف محض 3 وکٹوں کے نقصان پر 24ویں اوور میں حاصل کرکے فائنل میں اپنی جگہ پکی کرلی۔

مارخورز کے خلاف شاندار کارکردگی دکھانے پر صائم ایوب کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا تاہم صائم نے اپنا ایوارڈ ساتھی کھلاڑی محمد حسنین کو دے دیا۔
صائم ایوب نے کہا کہ میرے خیال سے یہ ایوارڈ حسنین کا بنتا ہے، جس طرح اس نے نئے گیند سے وکٹیں لے کر شاندار آغاز فراہم کیا اسی نے جیت کی بنیاد رکھی، یہی وجہ تھی کہ مجھے بھی وکٹیں ملیں۔
واضح رہے کہ ایونٹ میں اب بدھ کو ایلمینیٹر 1 میں اسٹالینز کا مقابلہ لائنز سے ہوگا،جیتنے والی ٹیم ایلمینیٹر 2 میں مارخورز کا سامنا کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں