مئی مقدمات؛ عمران خان کی بہنوں، عمر ایوب، اسد عمر و دیگر کی ضمانتوں میں توسیع
ویب ڈیسک 44 منٹ پہلے
(فوٹو: فائل)
(فوٹو: فائل)
لاہور: 9 مئی سے متعلق مقدمات میں عدالت نے عمران خان کی بہنوں، عمر ایوب، اسد عمر و دیگر کی ضمانتوں میں توسیع کردی۔
انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں سانحہ 9مئی کے مقدمات میں ملزمان کی عبوری ضمانتوں پر سماعت ہوئی، جس میں عدالت نے ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں 30 اکتوبر تک توسیع کا حکم دے دیا ۔
عدالت میں عمر ایوب ، اسد عمر سمیت 9 ملزمان کی جانب سے حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی۔ اسی طرح علیمہ خان ، عظمیٰ خان ، حافظ فرحت ، اعظم سواتی ،بلال اعجاز ،علی امتیاز کی جانب سے بھی حاضری معافی کی درخواست دی گئی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ اسد عمر ، عمر ایوب طبیعت ناساز ہونے کے باعث پیش نہیں ہو سکتے۔ علیمہ خان اور عظمیٰ خان اسلام آباد میں گرفتار ہونے کے باعث پیش نہیں ہو سکتیں۔ حافظ فرحت عباس کسی رشتے دار کی فوتگی کے باعث پیش نہیں ہو سکتے ۔
عدالت میں دائر درخواست میں مزید کہا گیا کہ اعظم خان سواتی اسلام آباد مقدمے میں گرفتار ہونے باعث پیش نہیں ہو سکتے۔ رکن اسمبلی بلال اعجاز ڈینگی بخار کے باعث پیش نہیں ہو سکتے اور علی امتیاز بھی شدید بخار کی وجہ سے پیش نہیں ہو سکتے.