اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ افسوس کی بات ہے چین کو یقین دہانی کے باوجود کراچی کا واقعہ ہوا جس میں 2 چینیہ انجینیئرز ہلاک ہوئے۔
کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بشام واقعے کے بعد چین کی طرف سے تشویش کا پیغام ملا تھا اور چین کو یقین دلایا تھا کہ چینی شہرویں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ چین جا کر یقین دہانی کرائی تھی کہ حکومت نے سیکیورٹی کے سخت اقدامات کیے ہیں لیکن کراچی جیسے واقعات ملک کے خلاف سازش ہے۔
انہوں نے کہا کہ وفاق پر دن رات چڑھائی کی جا رہی ہے اور 2014 میں بھی کئی ماہ ڈی چوک پر دھرنا دیا گیا جو چینی صدر کا دورہ ملتوی کرنے کے لیے تھا۔ 2014 میں دشمن کے جو عزائم تھے یہ اسی کا تسلسل ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پی ٹی آٗی نے ان معاملات بالکل سنجیدہ نہیں لیا، جہاں دھرنے اور جلاؤ گھیراؤ ہوگا وہاں کون آکر سرمایہ کاری کرے گا، ملک کی جڑیں کاٹنے کے لیے سازشیں کی جا رہی ہیں اور اس جتھے کو پاکستان کی ترقی منظور نہیں۔ ان کو یہ فکر کھا رہی ہے کہ معیشت سنبھل گئی تو ہمیں کون پوچھے گا۔
قبل ازیں، وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔
کابینہ اجلاس میں ملک کی سیاسی اور معاشی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے جبکہ ایس سی او کانفرنس کی تیاریوں کا جائزہ بھی لیا جا رہا ہے۔ وفاقی کابینہ کو تمام وزراتوں میں ای سسٹم کا نظام لانے پر بریفنگ بھی دی جا رہی ہے.