پونے: بھارت میں انڈیگو کی ایک پرواز اس وقت 5 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوگئی جب پائلٹ نے جہاز اُڑانے سے عین موقع پر انکار کردیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پائلٹ نے ڈیوٹی کے اوقات مکمل ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے مسافروں سے بھرے طیارے کو اڑانے سے انکار کر دیا جس پر پونے سے بنگلورو کے لیے پرواز پانچ گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی۔
اس حالیہ واقعے نے سوشل میڈیا پر ایک طوفان برپا کر دیا ہے۔ نیوز 18 کی خبر کے مطابق پرواز جو پونے سے 12:45 بجے اڑان بھرنے والی تھی آخر کار صبح 5:44 پر روانہ ہوئی اور صبح 6:49 بجے بنگلورو میں اتری۔
عملے اور مسافروں کے درمیان تصادم کی ایک ویڈیو صارف نے X پر پوسٹ کی جس کے کیپشن میں لکھا گیا IndiGo کی پرواز پونے سے بنگلورو تک اس وقت 5 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی جب پائلٹ نے اپنے کام کے اوقات ختم ہونے کی وجہ سے ٹیک آف کرنے سے انکار کر دیا۔
مسافروں کو نہ تو ناشتہ دیا گیا اور نہ ہی کوئی معاوضہ۔ کسٹمر سروس مطلق نظر انداز کردی گئی۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فلائٹ کے اندر تقریباً 200 مسافروں نے ایک خاتون کیبن کریو سے بحث اور التجا کی جب خاتون نے بتایا کہ پائلٹ ٹیک آف نہیں کرے گا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جب مسافر پائلٹ کو پکارتے ہیں اور اس سے جواب مانگتے ہیں تو اسے کاک پٹ کا دروازہ بند کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔