اسلام آباد: توشہ خانہ ٹو کیس میں بشریٰ بی بی کی ضمانت کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایف آئی اے کو کل تک پراسیکیوٹر مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔
عدالت نے ایف آئی اے کو پراسیکیوٹر مقرر کرنے کے لیے ایک ہفتے کا وقت دینے کی استدعا مسترد کر دی۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ہدایت کی کہ کل تک پراسیکیوٹر مقرر کرکے عدالت پیش ہوں، ضمانت کیس میں التواء نہیں دوں گا۔
دوران سماعت، وکیل بشریٰ بی بی سلمان صدر نے دلائل میں کہا کہ 19 جولائی کو اس کیس کا ریفرنس دائر ہوا، ترامیم کیس کے فیصلے کے بعد یہ کیس ایف آئی اے کے پاس منتقل ہوگیا ہے، درخواست گزار نے اس دوران ضمانت کی درخواست دائر کی اور درخواست ضمانت بھی ایف آئی اے کے پاس لگ گئی۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ ستمبر میں کیس ایف آئی اے عدالت میں جاتا ہے اور حیرت انگیز طور پر دو دن بعد ایف آئی اے چالان عدالت میں پیش کر دیتی ہے، اسپیشل پراسیکیوٹر کی طرف سے ہم کافی ڈسٹرب رہے وہ التواء مانگ لیتے تھے، اس کے بعد دلائل ہوتے ہیں اور بشریٰ بی بی کی ضمانت مسترد کر دی جاتی ہے۔
وکیل بشریٰ بی بی نے کہا کہ اصل میں یہ بلغاری جیولری سیٹس کا کیس ہے، الزام ہے کہ بطور وزیراعظم بانی پی ٹی آئی نے قیمتی سیٹ کی مارکیٹ قیمت انتہائی کم لگوائی۔ بلغاری سیٹ میں نیک لیس، ایئر رنگز، بریسلٹس اور انگوٹھی شامل ہیں، الزام ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے ریاست کو ملنے والے تحفے کو توشہ خانہ میں جمع کرائے بغیر اپنے پاس رکھ لیا، الزام ہے بانی پی ٹی آئی نے اپنے آفس سیکریٹری کے ذریعے بلغاری سیٹ کی قیمت لگوائی۔
عدالت نے ایف آئی اے حکام کو ہدایت کی کہ آپ لوگ نوٹس بناتے رہیں آپ اس کا جواب دیں گے۔
وکیل سلمان صفدر نے مزید کہا کہ توشہ خانہ ٹو کیس پہلے ریفرنس سے ملتا جلتا کیس ہے، پہلے اور اس ریفرنس میں ایک جیسے الزمات ایک جیسے وعدہ معاف گواہ ہیں، ایک توشہ خانہ کے دو مقدمات کیسے بن سکتے ہیں، دونوں مقدمات میں ملزمان بھی ایک جیسے ہیں، مقدمہ یہ بنایا کہ 7 مئی سے 10 مئی کے دوران گفٹس ملے، ملٹری سیکریٹری نے توشہ خانہ کے سیکریٹری کابینہ ڈویژن کو آگاہ کر دیا تھا۔
وکیل بشریٰ بی بی نے کہا کہ بلغاری سیٹ کی تقریباً ساٹھ لاکھ روپے قیمت لگائی، پرائس کا تخمینہ 5.8 ملین لگایا گیا، اس قیمت کے تخمینہ کو کسٹم کلیکٹر سمیت تین افراد نے درست قرار دیا، تقریباً 30 لاکھ یعنی 2.9 ملین روپے کی ادائیگی پر یہ خرید لیا گیا، پراسیکیوشن کا کہنا ہے کہ کم قیمت لگوا کر قومی خزانے کو نقصان پہنچایا گیا۔
وکیل کے دلائل کے بعد بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ ٹو کیس میں ضمانت کی درخواست پر سماعت کل تک ملتوی کر دی گئی۔