اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آئینی عدالت کے قیام پر سیاسی جماعتوں کے ساتھ سول سوسائٹی میں بھی اتفاق رائے ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی آئینی عدالت کے قیام کے حوالے سے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ اگست 2023 میں سول سوسائٹی نے میثاق جمہوریت 2 کا مطالبہ کیا، جس کا مقصد میثاق کے نامکمل ایجنڈے کو پورا کرنا تھا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سول سوسائٹی کے مطالبے کا مقصد عمران خان، جنرل پاشا، جنرل فیض کے جمہوریت پر حملوں کے نتیجے میں کھوئے ہوئے مقام کو دوبارہ حاصل کرنا تھا، سول سوسائٹی کی 2023 کی سفارشات میں ایک وفاقی آئینی عدالت کا قیام بھی شامل تھا، جس کی تائید ایک پی ٹی آئی سینیٹر نے بھی کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ عدالتی اصلاحات کے لئے سیاسی جماعتوں کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی میں بھی اتفاق رائے پایا جاتا ہے، موجودہ سیاست یا کسی فرد سے متعلق اپنی ذاتی رائے کو آئینی عدالت کی جائز ضرورت پر حاوی نہ ہونے دیں.