شکارپور: سندھ رینجرز اورپولیس کی گڑھی تیغو ضلع شکارپورمیں نثار سبزوئی گینگ کے ٹھکانوں پر مشترکہ کارروائی کے دوران بدنام زمانہ ڈکیت ہلاک ہوگئے۔
اندرون سندھ کچے کے علاقے میں سندھ رینجرز اور پولیس کی ڈکیتوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر گڑھی تیغو ضلع شکارپورمیں نثار سبزوئی گینگ کے ٹھکانوں پر مشترکہ کارروائی کے دوران بدنام زمانہ ڈکیت حاکم علی تیغانی اورجگن تیغانی ہلاک اورمتعدد زخمی ہوگئے۔
سندھ حکومت نے ڈاکو حاکم تیغانی کے سر کی قیمت 20 لاکھ روپے مقرر کی تھی۔
ترجمان کے مطابق سندھ رینجرزاورپولیس کی جانب سے مشترکہ کارروائی کے دوران جدید تکنیکی وسائل کااستعمال کر تے ہوئے کامیاب آپریشن کیا گیا۔ ڈاکوؤں کی جانب سے پولیس اور رینجرز پر فائرنگ کی گئی، جوابی کارروائی میں ڈکیت گروہ کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں بدنام زمانہ ڈکیت حاکم علی تیغانی موقع پر ہلاک اور جگن تیغانی شدید زخمی ہو گیا جو دورانِ علاج دم توڑ گیا۔
آپریشن کے دوران ڈاکوؤں کے زیراستعمال سرکاری املاک کو بھی خالی کرا لیاگیا تھا۔