تل ابیب: اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ غزہ کے جنوبی علاقے میں حماس کے ساتھ دوبدو جھڑپ میں اُن کا ایک اہلکار ہلاک ہوگیا۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق ترجمان فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مارے گئے اہلکارکی شناخت سارجنٹ 19 سالہ کورین بیٹن کے نام سے ہوئی ہے۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے مزید بتایا کہ کورین بیٹن کا تعلق روش حائین سے تھا اور بٹالین 450 کا حصہ تھے۔ یہ بٹالین غزہ میں حماس کے خلاف برّی آپریشن کر رہی ہے۔
ترجمان اسرائیلی فوج کے بقول غزہ میں حماس کے ساتھ دو بدو جھڑپوں میں ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 353 ہوگئی۔
اسرائیلی فوج کے ترجمان نے یہ بھی بتایا کہ گزشتہ برس 7 اکتوبر سے شروع ہونے والی حماس کے ساتھ جنگ میں رواں برس اگست تک تقریباً 17 ہزار جنگجو مارے گئے۔
دوسری جانب فلسطین اتھارٹی کی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ 7 اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 42 ہزار سے تجاوز کرگئی جب کہ زخمیوں کی تعداد 98 ہزار کے لگ بھگ ہے۔
فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اب تک اسرائیلی حملوں میں شہید اور زخمی ہونے والوں میں نصف تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔