اسلام آباد: آئینی ترامیم پر پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس جاری ہے، جس میں پی ٹی آئی اور جے یو آئی کے ارکان نے شرکت نہیں کی۔
چیئرمین خصوصی کمیٹی خورشید شاہ کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں شیری رحمٰن، اعجاز الحق، فاروق ستار، خالد مگسی شرکت کے لیے پہنچے جب کہ جمعیت علمائے اسلام اور تحریک انصاف کے ارکان اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا آئینی ترامیم پر خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں شرکت نہ کرنے کا اعلان
اس موقع پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر رانا تنویر نے کہا کہ ان شا اللہ ترامیم ہو جائیں گی۔ جب نمبرز پورے ہوں تو قانون سازی میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوتی۔ سنا ہے پی ٹی آئی نے شرکت سے انکار کیا ہے۔ دیکھتے ہیں آج کمیٹی کا کورم پورا ہوتا ہے یا نہیں۔
یہ خبر بھی پڑھیں: خصوصی کمیٹی کی آئینی عدالت پر اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش
واضح رہے کہ سینیٹر عرفان صدیقی نے بھی مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کااجلاس کل طلب کرلیا۔ اس سلسلے میں پارٹی کے سینیٹرز سے 16 اکتوبر کی شام تک اسلام آباد میں حاضری یقینی بنانے کی اپیل کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومتی اتحاد کادعویٰ ہے کہ مجوزہ آئینی ترامیم کی منظوری کے لیے نمبر گیم پورے ہیں۔ اس حوالے سے جلد ہی حکمران اتحاد کی پارلیمانی پارٹی کااجلاس بلائے جانے کاامکان ہے۔
دو روز قبل بھی آئینی ترمیم پر قائم پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہنگامہ آرائی کی نذر ہوگیا تھا۔ اجلاس میں اے این پی، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی اراکین کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا، جس کے بعد اجلاس بے نتیجہ ختم ہوگیا تھا۔؎