کراچی: صدارتی تمغہ یافتہ معروف اداکارسلیم ناصرکی 35ویں برسی آج منائی جارہی ہے۔ ڈرامہ سیریل آخری چٹان،جانگلوس اورآنگن ٹیڑھا میں بے مثال کردارنگاری کی۔
انتہائی مختصرعرصے میں اپنی بےساختہ اداکاری سےٹی وی ڈرامہ شائقین کو چونکا دینے والے فنکارسلیم ناصر کے انتقال کو 35 برس بیت گئے۔
سلیم ناصر15 نومبرسن 1944 کوپیداہوئے،انھوں نےکرداری نگاری کے دوران اپنےآپ کوایک ورسٹائل فنکار کے طورپرمنوایا۔
ٹیلی وژن پر شہرت کے جھنڈے گاڑنےسے پہلے سلیم ناصرشوبز کے دوجریدوں کی اشاعت سے وابستہ رہےجبکہ سرکاری ملازمت سے بھی منسلک رہے،جس کو بعد میں انھوں نے فن کی خاطر خیر باد کہہ دیاتھا۔
سلیم ناصرنےفنکارانہ کیریئرکےآغازمیں کچھ دیگرڈراموں میں کردار نگاری کی مگر ڈرامہ سیریل آنگن ٹیڑھا نےان کی شہرت کو بامِ عروج بخشا،آنگن ٹیڑھا میں سلیم ناصر نے گھریلو ملازم اکبر کا کردارادا کیا تھا۔
سلیم ناصر نےڈرامہ سفید سایہ،جھوک سیال،زنجیریں،جزیرہ، دستک، ان کہی، آخری چٹان،جانگلوس،بندش اورنشانِ حیدر(کیپٹن سرور شہید)میں کردارنگاری کی،ڈرامہ آخری چٹان میں سلیم ناصرنےسلطان جلال الدین خوارزم شاہ کا کرداراداکیا،جوآج بھی لوگوں کے ذہنوں پرنقش ہے۔
سلیم ناصر نے 10 فلموں میں بھی کردارنگاری کی،جن میں ایک پنجابی فلم بھی شامل تھی۔
19 اکتوبر 1989 کو سلیم ناصرکو دل کا دورہ پڑا جوجان لیوا ثابت ہوا،سلیم ناصرکوان کی فنکارانہ خدمات پرانتقال کے ایک سال بعد صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سےنوازاگیا.