عمران خان سے ملاقات نہ کروانے پر توہینِ عدالت کی درخواست؛ سپرنٹنڈنٹ کو نوٹس جاری

اسلام آباد:عمران خان سے ملاقات نہ کروانے پر توہینِ عدالت کی درخواست پر سپرنٹنڈنٹ جیل کو نوٹس جاری کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق عدالتی حکم کے باوجود بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقات نہ کروانے پر توہین عدالت کی درخواست پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو کل کے لیے نوٹس جاری کر دیا ۔

جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان کے روبرو کیس کی سماعت میں سلمان اکرم راجا اور فیصل چوہدری عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ وکلا سے بھی ملاقات نہیں کروائی جاتی ہے۔

عدالت نے استفسار کیا کہ کیا لوکل کمیشن سے رابطہ ہواتھا ؟، جس پر وکیل نے بتایا کہ جی ہم لوکل کمیشن کو رپورٹ کرتے رہے اور وہ بھی کرتے رہے لیکن ابھی رابطہ نہیں ہوا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ کمیشن بنانے کا مقصد ہی یہی تھا کہ مسائل نہ بنیں۔

وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کئی دنوں سے بجلی نہیں ہے،کوریڈو میں نکلنے تک نہیں دیا جا رہا، جس پر عدالت نے ہدایت کی کہ الگ سے درخواست دائر کردیں۔

بعد ازاں عدالت نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو نوٹس جاری اور نمائندہ مقرر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے حکم دیا کہ نمائندہ کل عدالت پیش ہو۔ سماعت کل تک کے لیے ملتوی کردی گئی.

اپنا تبصرہ بھیجیں