کراچی:پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں آج پھر نیا ریکارڈ قائم ہوگیا۔ 100 انڈیکس 89 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرگیا۔
جمعہ کے روز بازارِ حصص میں کاروبار کا آغاز ہوتے ہی 659 پوائنٹس کی زبردست تیزی دیکھنے کو ملی، جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس ملکی تاریخ میں پہلی بار 89000 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح بھی عبور کرگیا اور 89596پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر آگیا۔
کاروباری ہفتے کے آخری دن اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان جاری ہے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد کی وجہ سے 1005 پوائنٹس کی تیزی کے ساتھ انڈیکس مزید بڑھ کر 89951 پوائنٹس کی بلند ترین سطح کو چھو چکا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا بینچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس مجموعی طور پر 1751 پوائنٹس کے اضافے سے ملکی تاریخ میں پہلی بار 88000 پوائنٹس کی نفسیاتی سطح عبور کرچکا تھا۔ رواں ہفتے کے آغاز ہی سے اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان تھا جو آج جمعہ کے روز تک برقرار ہے.