اسلام آباد:ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو آگاہ کیا ہے کہ حکومت عافیہ صدیقی کیس میں وفد امریکا بھیجے گی جس میں سابق اور موجودہ پارلیمنٹیرینز، سینیٹرز اور ریٹائرڈ یا حاضر سروس آرمی آفیشلز، ڈاکٹرز اور فوزیہ صدیقی شامل ہوں گے۔
وزارت خارجہ کے نمائندے نے عدالت کو آگاہ کیا کہ وزارت خارجہ نے امریکا کے ساتھ پریزنر ٹرانسفر ایگریمنٹ (پی ٹی اے) کا پرپوزل شیئر کر دیا ہے۔
ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی صحتیابی اور وطن واپس لانے سے متعلق فوزیہ صدیقی کی درخواست پر سماعت کی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل، نمائندہ وزارت خارجہ، فوزیہ صدیقی کے وکیل عمران شفیق اور عدالتی معاون زینب جنجوعہ بھی عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالتی معاون زینب جنجوعہ نے کہا کہ ڈاکٹر فوزیہ کی بھی درخواست ہے میرا بھی یہ خیال ہے عافیہ صدیقی کا میڈیکل چیک اَپ کروایا جائے جبکہ سرکاری وکیل نے بتایا کہ وزیراعظم نے وفد امریکا بھیجنے کی منظوری دے دی ہے۔
جسٹس سردار اعجاز اسحاق نے استفسار کیا کہ وزارت خارجہ کیا کر سکتا ہے اور پی ٹی اے سے متعلق جواب کب تک آ جائے گا؟ نمائندہ وزارت خارجہ نے کہا کہ ممکن ہے جلد جواب آ جائے۔ زینب جنجوعہ نے کہا کہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی اور فیملی کی درخواست ہے عافیہ صدیقی کے لیے ڈاکٹرز پاکستان سے بھیجے جائیں۔
عدالت نے کیس کی سماعت اگلے ہفتے تک ملتوی کر دی۔