سابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ 26ویں ترمیم حکومت کے گلے پڑے گی اور کسی کو کچھ نہیں ملے گا اور 27 ویں ترمیم پر مولانا فضل الرحمان نے کال دی تو لگ پتہ جائے گا
راولپنڈی میں انسداد دہشت گردی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ حکمرانوں کے خواب چکنا چور ہوگئے لہٰذا مزید ترمیم کے خواب چھوڑ دیں، دو بندوں عمران خان اور مولانا فضل الرحمان نے ہی ملک و قوم کی عزت بڑھائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ ملکی تاریخ میں آفریدی چیف جسٹس آیا، آفریدیوں نے پہلے سکھوں پھر انگریزوں، روس اور امریکا سمیت 42 مملک کو شکست دی۔ چیف جسٹس یحییٰ آفریدی انصاف کا علم بلند رکھیں گے
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آرمی چیف سے اپیل ہے کہ نو مئی کے بے گناہ گرفتار ریڑھی قلفی والے کو معاف کر دیں۔
دوسری جانب، شیخ رشید احمد نے تمام کیسز میں عدم ثبوت بری کرنے کی درخواستیں دائر کر دیں جس پر عدالت نے درخواستیں سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے تفتیشی افسران کو نوٹس جاری کر دیے جبکہ آئندہ تاریخ 8 نومبر کو سرکاری وکلاء کو بھی نوٹس دلائل طلب کر لیے۔
درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ تمام مقدمات جھوٹے سیاسی انتقام ہیں کوئی ثبوت نہیں، ایک شہری بیک وقت 14 مقامات پر کیسے توڑ پھوڑ کر سکتا ہے لہٰذا بری کیا جائے۔