راولپنڈی: مری روڈ پر ٹریفک پولیس اہلکار کو کچلنے کی کوشش کرکے فرار ہونے والے کار سوار کو تھانہ نیو ٹاؤن پولیس نے گرفتار کرلیا۔
ملک تیمور احمد اسلام آباد میں پرائیویٹ نوکری کرتا ہے اور مستقل طور حضرو اٹک کا رہائشی ہے ۔ 12 نومبر کو سٹی ٹریفک پولیس کے ٹریفک اسسٹنٹ محمد ضمیر نے ون وے کی خلاف ورزی پر کار سوار روک کر کاغذات طلب کیے تو اس نے گاڑی بھگا دی تھی ۔
کار سوار نے ٹریفک پولیس اہلکار کو کچلنے کی کوشش کی اور روکنے پر گاڑی کے ساتھ گھسیٹتے ہوئے چوک تک ساتھ لے گیا۔ واقعے کی فوٹیج بھی وائرل ہوئی تھی۔
تھانہ نیوٹاؤن پولیس نے نامعلوم کار سوار کے خلاف اقدام قتل وغیرہ کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔ ملزم کو گاڑی کے کوائف کے ذریعے ٹریس کرکے گرفتار کرلیا گیا ہے۔