بشریٰ بی بی احتجاج کو لیڈ نہیں کرینگی، علی امین سے انکی کوئی چپقلش نہیں، شبلی فراز

پشاور:پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شبلی فراز نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی اور علی امین کے درمیان کوئی چپقلش نہیں، بشریٰ بی بی بانی پی ٹی آئی کا پیغام پہنچا رہی ہیں، بشریٰ بی بی احتجاج کو لیڈ نہیں کریں گی، وہ سیاست میں نہیں آنا چاہتیں۔

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ ہم پر تمام کیسز جعلی بنائے جارہے ہیں جس کا مقصد ہمیں دبانا ہے، سیاسی ورکرز اور اصل دہشت گردوں کا فرق ختم کردیا گیا ہے، ان مقدمات سے دہشتگرد گردوں کا خوف ختم ہوگیا۔

شبلی فراز نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں امن و مان کی صورتحال بہت خراب ہے، پولیس اور تمام فورسز پی ٹی آئی کے پھیچے لگی ہوئی ہیں تو امن و امان کی صورتحال کون قابو کرے گا۔

شبلی فراز نے کہا کہ ہم سیاسی لوگ ہیں کوئی دہشت گرد نہیں، دو ڈھائی سال سے پی ٹی آئی کو دبانے میں لگے ہوئے ہیں لیکن ہمیں دبایا نہیں جا سکتا اگر ایسا ممکن تھا تو سال میں کرچکے ہوتے، پر امن احتجاج ہمارا حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاٹھی چارج اور آنسو گیس کا استعمال غیر آئینی ہے، ان مظالم سے لوگوں کو مشتعل بنایا جاتا ہے، اسلام آباد میں دفعہ 144 کا نفاذ سیاسی حکومت کا کام نہیں یہ بزدلی ہے۔

دریں اثنا پشاور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی رہنما سینیٹر شبلی فراز کی مقدمات کی تفصیلات کے لئے دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ سماعت چیف جسٹس اشتیاق ابراہیم اور جسٹس وقار احمد نے کی۔ عدالت نے شبلی فراز کی چار ہفتوں کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں