راولپنڈی:سینئر سیاستدان فواد چوہدری کی اہلیہ حبا چوہدری نے کہا ہے کہ فواد چوہدری کی سیاست بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہے۔
انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں حبا چوہدری نے کہا کہ دیکھتے ہیں مذاکرت میں کیا ہوتا ہے، جوڈیشل کمیشن بنتا ہے یا نہیں ابھی تو سیاسی صورتحال بہت خراب ہے دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے۔
حبا چوہدری نے کہا کہ فواد چوہدری کہہ چکے ہیں کہ میری سیاست بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ ہے، جیسا بانی چیئرمین حکم کریں گے ویسا کریں گے۔
یاد رہے کہ عمران خان کے دور میں وزیر اطلاعات رہنے والے فواد چوہدری نے 9 مئی کے بعد پی ٹی آئی کیخلاف کریک ڈاؤن کے دوران سیاست سے بریک لینے کا اعلان کیا تھا۔
انہوں نے 24 مئی کو ایکس پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ میں نے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے اور عمران خان سے اپنی راہیں جدا کرلی ہیں۔
فواد چوہدری کو پی ٹی آئی کی ٹوٹ پھوٹ کے بعد بنائی گئی جہانگیر ترین اور علیم خان کی استحکام پاکستان پارٹی کے ایک اجلاس میں بھی دیکھا گیا تھا۔