زرمبادلہ کی مارکیٹوں میں ڈالر کتنا مہنگا ہوا؟

کراچی:درآمدات 16فیصد بڑھ کر 5ارب ڈالر سے متجاوز ہونے، برآمدات میں اضافہ محدود ہونے اور بیرونی ادائیگیوں کے دباؤ کے باعث زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں جمعرات کو بھی ڈالر کی پیش قدمی جاری رہی۔

نئے سال میں معیشت کی نمو کے لیے زرمبادلہ کی طلب بڑھنے اور بدلہ ٹرانزیکشن “سواپ” گرنے سے ایکسپورٹرز کی جانب سے اپنی برآمدی آمدنی بھنانے سے گریز جیسے عوامل کے باعث ڈالر کی قدر میں اضافے کا رحجان رہا۔

انٹربینک مارکیٹ میں کاروباری دورانیے کے دوران ڈالر کی قدر ایک موقع پر 10پیسے کی کمی سے 278روپے 45پیسے کی سطح پر بھی آگئی تھی لیکن سپلائی میں بہتری آتے ہی معیشت میں زرمبادلہ کی طلب بڑھنے سے کاروبار کے اختتام پر ڈالر کی قدر 09پیسے کے اضافے سے 278روپے 64پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔

اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 10پیسے کے اضافے سے 279روپے 70پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔

واضح رہے کہ رواں ماہ اور اگلے ماہ بھی پاکستان کو بیرونی قرضوں کی ادائیگیاں کرنی ہیں لہذا بیرونی ادائیگیوں اور زرمبادلہ کے سرکاری ذخائر بڑھانے کے لیے آنے والے دنوں میں بھی ڈالر کی قدر میں بتدریج اضافے کے امکانات ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں