راولپنڈی:عمران خان سے مذاکراتی کمیٹی کی ملاقات کے معاملے میں صورت حال عجیب ہو گئی۔
حکومت کے ساتھ مذاکرات کرنےو الی پاکستان تحریک انصاف کی کمیٹی کے ارکان کی اڈیالہ جیل میں بانی چیئرمین عمران خان کے ساتھ ملاقات کا معاملہ عجیب کشمکش کا شکار ہوگیا، جس میں پارٹی رہنماؤں اور جیل حکام کی جانب سے مختلف باتیں سامنے آ رہی ہیں۔
عمران خان سے ملاقات کے معاملے میں دونوں جانب سے اپنا اپنا مؤقف پیش کیا جا رہا ہے۔ پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا ہے کہ جیل والے بلائیں گے تو ہم جیل آئیں گے۔ دوسری جانب جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ جب تک کوئی ملاقات کے لیے جیل نہیں آتا، تو اجازت کس کو دیں؟۔
صورت حال کے تناظر میں گزشتہ ملاقات کے روز بھی مذاکراتی کمیٹی اور جیل حکام کے درمیان رابطوں کا فقدان رہا تھا اور اب بھی جیل والے مذاکراتی کمیٹی کی آمد کے منتظر ہیں جب کہ مذاکراتی کمیٹی جیل حکام کی دعوت کی منتظر ہے۔
جیل ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے تاحال کوئی رہنما، وکیل یا فیملی ممبران جیل نہیں آئے۔