پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف سینئر اداکار خالد انعم نے ملک کی خراب معاشی صورتحال اور عوام کے متضاد رویوں پر دلچسپ تبصرہ کیا ہے۔
انہوں نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر طنزیہ انداز میں اپنے خیالات کا اظہار کیا اور شادیوں پر بے تحاشہ پیسہ برباد کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی شادیاں، شاپنگ مالز اور ریسٹورنٹس دیکھ کر ایسا لگتا ہے جیسے یہ ملک امریکا، جرمنی اور جاپان کو قرض دیتا ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ یہاں ہر شخص اپنی حیثیت سے کئی گنا زیادہ خرچ کر رہا ہے۔ ایک اور انسٹا پوسٹ میں انہوں نے زندگی کو سادہ اور آسان بنانے کے لیے ایک اہم مشورہ دیا۔ خالد انعم نے لکھا کہ اتنے پیسے ضرور کمائیں کہ جب آپ بیمار ہوں تو بچے ڈاکٹر کو بلائیں، وکیل کو نہیں۔
سوشل میڈیا صارفین نے ان کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے اپنی رائے کا بھی اظہار کیا۔
واضح رہے کہ خالد انعم سماجی مسائل اور ملکی حالات پر اکثر دلچسپ انداز میں اظہار خیال کرتے ہیں، جو صارفین کی جانب سے بے حد پسند کیا جاتا ہے۔