راولپنڈی:پی ایس ایل 10 میں آج اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی مدمقابل آئیں گے۔
یونائیٹڈ نے ایونٹ کے افتتاحی میچ میں لاہور قلندرز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر کامیابی کے ساتھ ٹورنامنٹ کا آغاز کیا تھا۔
ویسٹ انڈین پیسر جیسن ہولڈر نے یونائیٹڈ کی جانب سے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 26 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
قلندرز کی جانب سے عبداللہ شفیق کی 66 رنز کی نصف سنچری رائیگاں گئی، جبکہ یونائیٹڈ کے کولن منرو نے ناقابل شکست 59 رنز بنا کر ٹیم کو فتح کے قریب پہنچایا۔ اس کے علاوہ سلمان علی آغا نے بھی 41 رنز ناٹ آؤٹ بنا کر جیت کا مشن مکمل کیا۔
یونائیٹڈ کے بیٹرز سے توقع کی جارہی ہے کہ وہ اسی کارکردگی کو برقرار رکھتے ہوئے اگلے میچ میں بھی کامیابی حاصل کریں گے۔
دوسری جانب پشاور زلمی کو ایونٹ کے اپنے پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں 80 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
کوئٹہ کی نمائندگی کرنے والے قومی اسپنر ابرار احمد نے 42 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں اور ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ سعود شکیل اور فن ایلن کی نصف سنچریاں بھی کوئٹہ کے لیے بارآور ثابت ہوئیں۔