اسلام آباد:چناب کے کنارے پاکستانیوں نے مودی کی دھمکیوں کا منہ توڑ جواب دے دیا۔
مودی کی ہر سازش ناکام ہوگئی اور دریائے چناب کا پانی پہلے سے بھی زیادہ روانی سے جاری ہے۔ دریائے چناب کے کنارے کھڑے ہو کر پاکستانیوں نے بھارت اور مودی کی دھمکیوں کو سخت الفاظ میں رد کرتے ہوئے بھرپور جواب دیا۔
گجرات کے رہائشی سید طلحہ حسین نے اپنے پیغام میں کہا کہ پہلگام کی ناکامی چھپانے کو بھارت نے پاکستان پر الزامات اور پانی کی دھمکی دی مگر بری طرح ناکام رہا۔ مودی تو کیا مودی کی سات نسلیں بھی پاکستان کا پانی بند نہیں کر سکتیں۔
کھاریاں سے تعلق رکھنے والے عامر قیوم بھٹی نے کہا کہ اس دھرتی کے بیٹے راجہ پورس نے سکندر اعظم کو ناکوں چنے چبوائے تھے۔ ہمارے ازلی دشمن بھارت کی دھمکیاں بے اثر ہیں۔ چناب ہمیشہ بہتا رہے گا۔ پاکستان کا پانی روکنا تو دور، بھارت کی اوقات ایک قطرے پر بھی نہیں۔
گوجرانوالہ کی ایک شہری خاتون نے دریائے چناب کے کنارے کھڑے ہو کر کہا کہ پوری دنیا دیکھ لے، دریائے چناب کا پانی پہلے کی طرح بہہ رہا ہے۔ دریائے چناب کا بہنا اللہ کا کرم ہے، مودی اسے نہیں روک سکتا۔