لاہور:مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاک فوج کا آپریشن بُنیان مرصوس بھارت کی آر ایس ایس سرکار کی مکمل تسلی تک جاری رہے گا۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں سابق وزیر ریلوے اور لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بہت زیادہ صبر و تحمل اور برداشت سے کام لیا ہے، اب ہندوستان میں آر ایس ایس سرکار کی مکمل تسلی کروانے تک آپریشن بنیان مرصوص ان شا اللہ جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے معصوم، بے گناہ اور نہتے شہریوں کا لہو بہایا گیا ہے مگر ہماری افواج پاکستان کا نشانہ صرف حملہ آور جارح بھارتی فوج ہے، بھارتی عوام نہیں۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ بھارت کا زعم ٹوٹنے اور پچھلے حساب چکانے تک لڑائی جاری رہے گی۔
دریں اثنا سینئر وزیر پنجاب ، انفارمیشن سیکرٹری مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب نے اپنے پیغام میں کہا کہ آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْصٌ پر قوم جری افواج پاکستان کوسلام پیش کرتی ہے، جسنے دشمن کو دن کے اُجالے میں عبرت کا نشان بنا دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دشمن کی ہر جارحیت کو آہنی عزم سے کچلا گیا ہے۔ افواجِ پاکستان کا ہر وار دشمن کے غرور کا کفن بن چکا ہے۔ آپریشن بُنْيَانٌ مَّرْصُوْصٌ قومی غیرت، وقار اور عسکری عظمت کی روشن علامت ہے۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے دفاع پر کوئی سمجھوتا نہیں کرے گا۔ ہر محاذ پر پاکستان نے اپنی برتری منوا دی ہے۔ دنیا پاکستان کی عسکری مہارت اور دفاعی حکمتِ عملی کا اعتراف کر رہی ہے۔ وطن کے تحفظ میں اتحاد، حوصلہ اور ایثار ہماری اصل طاقت ہیں۔