اسلام آباد:پاکستان ٹیکسٹائل کونسل نے بجٹ تجاویز وزارت خزانہ کو پیش کردیں۔
پاکستان ٹیکسٹائل کونسل نے وزیراعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کو خطوط ارسال کیے ہیں جس میں برآمدی نمو پر مبنی حکومتی ویژن برقرار رکھنے کی درخواست کی گئی ہے۔
پاکستان ٹیکسٹائل کونسل نے اپنی بجٹ تجاویز میں برآمدی مسابقت، ویلیو ایڈیشن اور لاگت میں کمی پر زور دیتے ہوئے وزیر خزانہ کی اقتصادی استحکام کی کوششوں کو سراہا۔ پاکستان ٹیکسٹائل کونسل نے احسن اقبال کی ای ایف ایس اسکیم کی قیادت اور اصلاحات کا بھی اعتراف کیا۔
خط میں کہا گیا کہ ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل برآمدات کیلئے حکومتی سمت کی مکمل حمایت کرتے ہیں، یقین ہے بجٹ میں فنانس منسٹر توانائی کی بلند قیمت اور بھاری ٹیکسوں کے حوالے سے ضروری اقدامات کریں گے، ای ایف ایس اسکیم کی اصل روح کو بحال کرنا برآمدات کے لیے ناگزیر ہے.