یومِ تکبیر پر ارضِ پاک کیلیے ملک بھر میں قرآن خوانی اور دعاؤں کا اہتمام

یوم تکبیر پاکستانی قوم کی غیر متزلزل خودداری کی علامت ہے اور آج ملک بھر میں اس دن کے موقع پر قرآن خوانی و دعاؤں کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔

کلمے کی بنیاد پر معرض وجود میں آنے والے ملک پاکستان کا اسلامی دنیا کی پہلی اور واحد ایٹمی طاقت بننا دفاعی خود مختاری اور خطے میں طاقت کا توازن برقرار رکھنے کا ضامن ہے۔ یومِ تکبیر اس عزم کی یاد دلاتا ہے کہ پوری قوم نے دشمن کے ایٹمی تجربات کے جواب میں متحد ہو کر اپنی سالمیت کا تحفظ کیا۔
پاکستان پہلا اسلامی ایٹمی ملک ہے جو امت مسلمہ کے لیے خود انحصاری کی علامت ہے اور اس کا جوہری پروگرام دفاع اور امن کے تحفظ کے لیے ہے ۔ بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کی ایٹمی صلاحیت علاقائی امن اور استحکام کی ضمانت ہے ۔
پاکستان کی ذمے دار جوہری قیادت خطے میں امن و استحکام کا مظہر ہے اور بھارت میں بڑھتی انتہاپسندی کے باوجود پاکستان ایک محتاط اور ذمے دار ایٹمی ریاست ہے۔ آج پاکستان کو ایٹمی قوت بنے 27 سال ہو چکے ہیں جو اس بات کی واضح علامت ہے کہ ہمارا ملک ایک پرامن، باوقار اور ذمے دار ریاست ہے۔Pakistan travel guide

آج یوم تکبیر کے موقع پر ملک بھر میں قرآن خوانی اور دعاؤں کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ تمام چھوٹے بڑے شہروں سمیت ہر جگہ یوم تکبیر جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے۔ آج کے دن کا آغاز مساجد میں قرآن خوانی اور پاکستان کی سلامتی کی دعاؤں کے ساتھ ہوا، جس میں علما نے پاکستان کی سربلندی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
علمائے کرام کا کہنا تھا کہ 28مئی کا دن پاکستان کی تاریخ میں نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ آج پاکستان زیادہ مضبوط اور مستحکم ہے۔ افواج پاکستان ملک کا فخر ہیں اور دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

علما کا کہنا تھا کہ آج پوری قوم کا سر فخر سے بلند ہے۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ وہ پاکستان کو دنیا کے نقشے پر ہمیشہ قائم و دائم رکھے۔آمین

اپنا تبصرہ بھیجیں