حکومت کا کابل میں اپنے ناظم الامور کو سفیر کا درجہ دینے کا فیصلہ

اسلام آباد:حکومتِ پاکستان نے کابل میں اپنے ناظم الامور کے عہدے کو سفیر کے درجے پر ترقی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس حوالے سے نائب وزیراعظم اور وزیر خزانہ سینیٹر اسحق ڈار نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگا، پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں مثبت پیش رفت جاری ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ کابل میں 19 اپریل 2025ء کو پاکستانی وفد کے ہمراہ میری نہایت تعمیری ملاقاتیں ہوئیں، پاکستان اور افغانستان کے تعلقات ایک مثبت راستے پر گامزن ہیں اور اس مثبت رجحان کو برقرار رکھنے کے لیے، مجھے خوشی ہے کہ حکومتِ پاکستان نے کابل میں اپنے ناظم الامور کے عہدے کو سفیر کے درجے پر ترقی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ یہ قدم پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے، معیشت، سلامتی، انسداد دہشت گردی اور تجارت کے شعبوں میں تعاون کو گہرا کرے گا، دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوگا یہ فیصلہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات کے فروغ اور دوطرفہ روابط کی توسیع میں بھی کردار ادا کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں