پاکستان کے متنازع یوٹیوبر رجب بٹ ایک بار پھر اپنی دولت کی نمائش پر تنقید کا نشانہ بن گئے۔
رجب بٹ کی بھانجی آیت زہرا کے عقیقے کے موقع پر منعقدہ تقریب میں پیسوں کی بے تحاشا برسات اور انہیں پیروں تلے روندنے کے مناظر نے سوشل میڈیا پر طوفان کھڑا کر دیا ہے۔Pakistan travel guide
تقریب کی وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ رجب بٹ، ان کی اہلیہ ایمان اور دیگر فیملی ممبرز ننھی بچی پر پیسے برسا رہے تھے۔ لیکن جو چیز سب سے زیادہ قابل اعتراض تھی، وہ زمین پر بکھرے ہوئے نوٹوں کو پیروں تلے روندتے ہوئے مناظر۔ یہ منظر دیکھ کر صارفین غصے سے پھٹ پڑے۔
سوشل میڈیا صارفین نے اس واقعے کو پیسوں کی بے حرمتی قرار دیتے ہوئے رجب بٹ اور ان کے خاندان کو کھل کر تنقید کا نشانہ بنایا۔ ایک صارف نے لکھا، ’’اگر یہ پیسہ حلال کا ہوتا تو اس طرح اڑایا نہیں جاتا۔‘‘ جبکہ دوسرے نے کہا، ’’یہ عقیقہ نہیں بلکہ محض ایک تماشا ہے جس کے ذریعے وہ اپنی دولت کی نمائش کرنا چاہتے ہیں۔‘‘
عوام کی بڑی تعداد نے اسے پیسوں کی توہین اور غریبوں کے منہ پر طمانچہ قرار دیا، جہاں امیر طبقات دکھاوے کے لیے کرنسی زمین پر گرا رہے ہیں اور دوسری طرف کروڑوں لوگ دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں۔
یہ پہلا موقع نہیں جب رجب بٹ اپنی دولت کی نمائش پر تنقید کا نشانہ بنے ہیں۔ ماضی میں بھی وہ اپنی مہنگی گاڑیوں، گھروں اور شاپنگ کی ویڈیوز کی وجہ سے بحث کا موضوع بنتے رہے ہیں۔ تاہم، اس بار ان کا یہ رویہ خاصا قابل اعتراض ہے کیونکہ یہ ایک مذہبی تقریب کے موقع پر تھا۔